موسیقی کے بے تاج بادشاہ استاد نصرت فتح علی خان کے پرستار آج ان کی 67ویں سالگرہ منارہے ہیں۔گوگل نے آج کا ڈوڈل گلوکار استاد نصرت فتح علی خان کے نام کیا ۔
13 اکتوبر 1948 کو فیصل آباد میں استاد فتح علی خان کے یہاں پیدا ہونے والے بچے کا نام نصرت رکھا گیا۔ باپ کی خواہش تھی کہ بچہ پڑھ لکھ کر ڈاکٹر یا انجینئر بنے کیونکہ ان کا خیال تھا کہ گائیک کو معاشرے میں وہ عزت اور مقام نہیں ملتا جو ملنا چاہیے۔مگر نصرت کو موسیقی سے جنون کی حد تک لگاو تھا ۔اس لے فتح علی خان کو بیٹے کے شوق کے آگے ہتھیار ڈالنے پڑے۔ -
نصرت فتح علی خان نے 1979 میں اپنے فرسٹ کزن اور استاد سلامت علی خان کی بیٹی ناہید سے شادی کی۔ان کا خاندان صدیوں سے قوال رہا ہے۔ انہوں نے بھی اپنی فنی زندگی کا آغاز قوال کی حیثیت سے کیا۔ کلاسیکی موسیقی کی صنف خیال سے گلوکاری کی ابتدا کی۔ باپ کے انتقال کے بعد نصرت فتح علی خان نے خاندانی قوال پارٹی کی قیادت
سنبھالی۔
نصرت فتح علی نے ریڈیو کے پروگرام جشن بہاراں میں پہلی بار اپنیرکارڈنگ کروا کر قومی سطح پر اپنی شناخت کروالی۔انہوں نے اردو پنجابی ہندی اور فارسی میں بھی طبع آزمائی کی۔حق علی حق علی ان کی پہلی قوالی تھی جس نے ان کو عالمی سطح پر متعارف کرایا۔انہوں نے لندن کی اوریئنٹل اسٹار ایجنسی کے ساتھ گلوکاری کا معاہدہ کیا جس سے ان کی شہرت سمندر پار پہنچی۔
نصرت فتح علی نے پیٹر گیبریئل کے ساتھ انگریزی موسیقی کے پروگرام بھی کیے۔1997 کو استاد نصرت فتح علی اپنے پرستاروں کو افسردہ چھوڑ کر چلے گئے۔لیکن وہ اپنی موسیقی کے ذریعے آج بھی دلوں میں زندہ ہیں۔
گوگل کی جانب سے آج کا گوگل ڈوڈل لیجنڈ گلوکار استاد نصرت فتح علی خان کے نام کیا ہے۔گوگل ہر اہم شخص یا دن کی مناسبت سے اپنا مین پیج ترتیب دیتا ہے جسے ڈوڈل کہا جاتا ہے۔13 اکتوبر کو دنیائے موسیقی کے بے تاج بادشاہ استاد نصرت فتح علی کی سالگرہ کے موقع پر ،گوگل ڈوڈل ان کے نام کیا گیا ہے۔